ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا وائرس سے تین پولیس جوانوں کی موت کا نتیجہ، پولیس کمشنر نے معمر پولیس والوں کو چھٹی پر بھیج دیا، نئے احتیاطی ضوابط جاری

کورونا وائرس سے تین پولیس جوانوں کی موت کا نتیجہ، پولیس کمشنر نے معمر پولیس والوں کو چھٹی پر بھیج دیا، نئے احتیاطی ضوابط جاری

Mon, 22 Jun 2020 12:42:33    S.O. News Service

بنگلورو،22؍جون(ایس او نیوز) بنگلورومیں روزانہ جہاں کورونا وائرس کے معاملوں کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے وہیں اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے پولیس والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔ اتوار کے روز بنگلورو میں کورونا وائرس سے مرنے والے پولیس والوں کی تعداد بڑھ کر 3ہو گئی جب ولسن گارڈن پولیس تھانے سے جڑے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس نے دم توڑ دیا۔ اس کو دو دن قبل کورونا وائرس پوزیٹیو پائے جانے پر اس اے ایس آئی کو شہر کے وکٹوریہ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اتوار کی صبح اس کی موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ اتوار کے رو ز شہر کے مزید 13پولیس جوانوں کے کورونا سے متاثر ہونے کی خبریں سامنے آئیں۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ تمام پادرائن پورا میں نظم و ضبط اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کی ڈیوٹی پر متعین تھے۔ کورونا سے شہر میں تین پولیس والوں کی موت اور بڑی تعداد میں جوانوں اور افسروں کے متاثر ہوجانے کے رجحا ن کو دیکھتے ہوئے شہر کے پولیس کمشنر بھاسکر راؤ نے اتوار کے روز پولیس جوانوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے نئے رہنما خطوط جاری کئے۔ان کی طرف سے جاری 10ہدایتوں میں کہا گیا ہے کہ وہ پولیس جوان جن کی عمر 55سال یا اس سے زیادہ ہو ان کو فوری طور پر چھٹی پر بھیج دیا جائے ان کی یہ چھٹی تنخواہ کے ساتھ ہو گی۔ کمشنر نے کہا ہے کہ ان جوانوں اور افسروں کو گھروں میں آرام کرنا چاہئے انہیں تھانے سے جڑی کسی بھی ڈیو ٹی پر حاضر رہنے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس تھانوں میں اگر عملہ کم پڑجائے تو ہوم گارڈس کی خدمات طلب کی جائیں۔ بھاسکر راؤ نے کہا ہے کہ پولیس تھانوں کے اندر بیٹھ کر عوامی شکایتو ں کے انداراج کا سلسلہ ختم کیا جائے اور تھانو ں کے باہر ہی شکایت درج کرنے کا نظام قائم کیا جائے۔ عوام اگر کسی ضرورت یا شکایت کے لئے پولیس تھانے کا رخ کریں تو پولیس جوان یا افسر عوام سے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ لازمی طور پر ہر پولیس جوان فیس ماسک اور دستانے استعمال کرے۔ ضرورت پڑے تو جوانوں کو پی پی ای کٹ پہنایا جائے۔ جو عملہ ہوئسلا یا چیتا میں ڈیوٹی کرتا ہے وہ پولیس تھانے میں داخل نہ ہو بلکہ باہر سے ہی ڈیو ٹی کر ے۔ ڈیو ٹی کے دوران ماسک کا استعمال لازمی طور پر کیا جائے۔ ضرورت پڑنے پر پولیس تھانے کی حدود میں کسی شادی خانہ یا کہیں اور 25سے زائد پولیس جوانوں کے ٹھہرنے کا انتظام کیا جائے۔ تھانے میں ہاتھ پیردھونے، ضرورت پڑے تو نہانے کے لئے گرم پانی کا انتظام کروایا جائے۔ ہمہ وقت تھانے میں ماسک، سینی ٹائزر اور پی پی ای کٹ کا اسٹاک موجود رہے یہ یقینی بنایا جائے۔ تھانے کے عملہ میں شامل کوئی کورونا سے متاثر پایا جائے یا کوارنٹائن ہو جائے تو اس سے خوفزدہ نہ ہوں بلکہ ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھائیں۔احتیاطی تدابیر کو زیادہ سے زیادہ حد تک اپنا ئیں۔ اگر کورونا سے متاثر کسی پولیس جوان یا افسر کو علاج کے لئے نجی اسپتال میں داخل کروایا جاتا ہے تو اس کے علاج کی مکمل جانکاری اعلیٰ پولیس حکام کو مہیا کروائی جائے۔ شہر کے تمام پولیس کوارٹرس کو پاک و صاف کرنے کے لئے انتظامات کئے جائیں۔ کمشنر نے کہا ہے کہ شمالی کرناٹک سے بنگلورو میں متعین کوئی بھی پولیس جوان یا افسر بنگلورو سے باہر نہ جانے پائے یہ یقینی بنایا جائے۔


Share: